بھارت کے دولت مندترین مکیش امبانی ہر گھنٹے 7کروڑ روپے کماتے ہیں

February 27, 2020

بھارت نے سال 2019 کے دوران ہر ماہ تین سے زیادہ ارب پتی (ڈالروں والے ارب پتی) لوگوں کا اضافہ کیا، ایک رپورٹ کے مطابق اس طرح اب بھارت میں ایسے ارب پتی دولت مندوں کی تعداد 138 تک پہنچ گئی ہے، جس کے نتیجے میں بھارت دنیا بھر میں ارب پتی دولت مندوں کی تعداد کے لحاظ سے تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ دولت مندوں کی اس فہرست میں پہلی اور دوسری پوزیشن پر بالترتیب چین اور امریکا براجمان ہیں۔

مجموعی طور پر بھارت نے گزشتہ برس 34 نئے ارب پتی دولت مندوں کا اضافہ کیا جس کے بعد اس فہرست میں بھارتی ارب پتی دولت مندوں کی تعداد 138 تک جاپہنچی، فہرست میں سب سے اوپر ریلائنس انڈسٹریز کے مکیش امبانی ہیں جو 67 ارب ڈالرز کی دولت کے ساتھ بھارت کے سب سے امیر اور دنیا کے نویں دولت مندترین انسان ہیں، انہوں نے ہر گھنٹے میں 7کروڑ بھارتی روپے کمائے۔ اگر ارب پتی بھارتی دولت مندوں کی اس تعداد کو گنا جائے جو کہ ہیں تو بھارتی لیکن انکی رہائش بھارت سے باہر دنیا کے دوسرے ملکوں میں ہے تو پھر یہ تعداد 138 کے بجائے 170 تک پہنچ جائے گی۔

ہورون گلوبل لسٹ 2020 کے نویں ایڈیشن میں 2817 ایسے افراد کے نام شامل ہیں جو کہ ایک ارب امریکی ڈالر یا اس سے زیادہ دولت کے مالک ہیں۔ جبکہ 2019 کے دوران عالمی طور پر 480 ارب پتی لوگوں کا اضافہ ہوا، اس کو اگر اعداد و شمار کے تناظر میں دیکھا جائے تو گزشتہ برس ہر روز ایک سے زیادہ ارب پتی کا اضافہ ہوا، چین میں یہ تعداد ایک ہفتے میں تین سے زیادہ اور بھارت میں ایک ماہ میں تین رہی۔

رپورٹ کے مطابق 799 ارب پتی دولت مندوں کی تعداد کے ساتھ چین دنیا میں پہلے نمبر پر ہے اور یہ تعداد دوسرے نمبر پر موجود امریکا کے 626 اور تیسرے نمبر پر بھارت کے 138کے مجموعے سے بھی زیادہ ہے، جبکہ چین میں یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے کیونکہ وہاں اس برس جنوری کے وسط سے پھیلنے والے کورونا وائرس کی وجہ سے اس برس وہاں فارما (دواساز) بزنس سے منسلک ارب پتی دولت مندوں کی تعداد بڑھنےکی توقع ہے، یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے سبب وہاں پر اب تک 2710 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

دوسری طرف یہ بھی کوئی حیرت کی بات نہیں کہ بھارت کے ارب پتی دولت مندوں میں سے ایک تہائی (50) کا تعلق ممبئی شہر سے ہے، جس کے باعث یہ شہر دنیا کا نواں دولت مند ترین شہر ہے جس کے بعد نئی دہلی (30)، بنگلور (17) اور احمد آباد میں ایسے دولت مندوں کی تعداد 17 ہے۔

مکیش امبانی 67 ارب امریکی ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین لوگوں میں 9ویں نمبر پر ہیں، جبکہ دنیا کے سب سے امیر ترین شخص امیزون کے مالک جیف بیزوس ہیں جنکی دولت کا تخمینہ 140ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔