امریکا میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کی مہم کا اعلان

February 28, 2020

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کی مہم کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ چینی مسافروں پر پابندی کے باعث امریکا میں کورونا وائرس کا خطرہ بہت کم ہو گیا ہے۔

واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ابتدا میں حکومتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، کورونا کے انسدادی فنڈز میں اضافہ کیا جائے گا۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا میں کورونا وائرس کا خطرہ بہت کم ہے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اعداد و شمار کے مطابق ابھی 15 افراد میں کورونا کی نشاندہی ہوئی ہے، آنے والے دنوں میں مرض بالکل ختم ہو جائے گا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وائرس کی وجہ سے حالیہ دنوں اسٹاک مارکیٹ نیچے جارہی ہے جوکہٹھیک ہو جائے گی۔

دوسری جانب آسٹریلوی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خدشہ ہے کہ کورونا وائرس دنیا میں بہت جلد وبائی مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ وبائی مرض کا خطرہ ہم پر بہت زیادہ ہے اور اس وبائی مرض سے نمٹنے کے لیے اہم اقدامات کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 60 ہوگئی ہے۔