تعلیمی کارکردگی بہتر بنانے کے مشورے

March 08, 2020

ہر طالبعلم کالج اور یونیورسٹی میں زبردست نتائج حاصل کرنا چاہتا ہے اور اعزازوعمدہ مارکس کے ساتھ فارغ التحصیل ہوناچاہتا ہے۔ چونکہ کالج کی سطحپر اچھے نمبروںکا براہ راست اثر طالب علم کے کیریئر پر پڑتاہے، اس لئے ضروری ہے کہ آپ اپنی پڑھائی میں زیادہ وقت لگاتے ہوئے بھرپور محنت کریں۔ اس کے لیےطلباء کو مطالعے کی عادت بہتر سے بہتر کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

حکمت عملی بنائیں

پڑھائی کرنے کے لئے لائحہ عمل اور حکمت عملی کا ہونا ضروری ہے۔ اس سے آپ کے پڑھنے اور اسےمکمل کرنے پر لگنے والے وقت میں نمایاں کمی ہوتی ہے اور آپ کو دوسرے طالب علموںپر سبقت حاصل ہوجاتی ہے۔ اس مقصد کے لیے آپ کسی پلانر یا گوگل کیلنڈر کا استعمال کرکے آغاز کریں اور اپنی ان تمام ذمہ داریوں اور کاموں کو لکھیں جنہیں کرنے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی اپنے ہفتہ وار نظام الاوقات اور روزمرہ کاموں پر بھی توجہ دیں۔

اسائنمنٹس کو حصوں میں بانٹ دیں، ایک نشست میں ایک حصہ مکمل کرکے اٹھیںاور کسی بھی وجہ سے اس حصے کو ادھورا نہ چھوڑیں جیسا کہ آپ کے دوست نے فون کیا تھا اور آپ نے اس سے ایک گھنٹے بات چیت کی تھی۔ اگر ایسا کریں گے تو ہفتے کے آخر میں آپ پردباؤ بڑھ جائے گا ا ور ہدف پورا نہ کرنے پر مایوسی بھی ہوگی۔

اس کے علاوہ اوپن اسٹڈی کے ذریعے بھی آپ کو مطالعہ کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔یہ ایک پلیٹ فارم ہے، جہاں آپ دوسرے طلبہ کے ساتھ پرانے لیکچرز کے تبادلے کے ساتھ ساتھ مختلف ٹیسٹ اور امتحانات کی تیاری کرسکتے ہیں یا ان سےمشورے لے سکتے ہیں۔ اس ضمن میں آپ کو نوٹس یا کتابوں میں بُک مارکس ضرور بنانے چاہئیں تاکہ جب آپ کو کوئی مخصوص موضوع پڑھنا ہو تو اسے ڈھونڈنے میں آپ کا وقت ضائع نہ ہو۔

عادات میں تبدیلی لائیں

اگر آپ نے کچھ ایسی عادتیں اختیار کر رکھی ہیں جن میں وقت، صحت اور پیسہ ضائع ہوتا ہے جیسے کہ تمباکو نوشی کرنا، جنک فوڈ کھانا وغیرہ تو ان کو تبدیل کرنے کے بارے میں سوچیں کیونکہ ان عادات کو اپنانا مطالعہ کی صلاحیت کو متاثر کرتا ہے۔ اس کے علاوہ گھر سے باہر یا سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت صرف نہ کریں۔ ان عادات کو تبدیل کرنے پر توجہ دیں جو آپ کو عمدہ گریڈ حاصل کرنے اور مؤثر انداز میں تعلیم حاصل کرنے سے روک رہی ہیں۔

فارغ وقت کا استعمال

جب بھی آپ طویل قطار میں کھڑے ہوں، بس یا ٹرین کا انتظار کررہے ہوں یا پھر ایک کلاس سے دوسری کلاس کے دوران لمباوقفہ ہو تو اس وقت کو بےمقصد ضائع کرنے کے بجائے مطالعے میں صرف کریں یا ریکارڈ شدہ لیکچر سن لیں کیونکہ جب تعلیمی کارکردگی بہتر کرنے کا سوال ہو تو ہر منٹ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔

روزانہ مطالعہ کریں

آپ کو سارا دن مطالعہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے لیکن آپ کو دن میں کم سے کم ایک بار اس مقصد کے لیے دو سے تین گھنٹے نکالنے چاہئیں۔ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ اس سے آپ کی تعلیم پر مجموعی طور پر کتنا مثبت اثر پڑتا ہے۔ یہاں تک کہ اگر آپ صرف کلاس لینے کے بعد لیکچر کو پڑھ لیں تو آپ کے لیے امتحان پاس کرنا نہایت آسان ہوجائے گا کیونکہ کلاس کے بعد آپ کا سبق پڑھنا، آسانی سے حفظ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اپنے ذہن کو تازہ رکھنے کے لیے مطالعاتی سیشنز کے مابین مختصر وقفہ لینا ضروری ہے۔

روز مرہ معمولات

تعلیم حاصل کرنے کے دوران آپ کو اپنے روزمرہ معمولات کی بھی منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔ اگر آپ خریداری، صفائی ستھرائی ، کھانا پکانے یا اپنے دوستوں کے ساتھ گھومنے پھرنے میں روزانہ زیادہ وقت صرف کرنا چاہتے ہیں تو اسے اپنے پلانر میں شامل کریں۔ ایک بار جب آپ انہیں اپنے پلانر میں شامل کرلیں گے تو پھر اپنے کالج کے اسائنمنٹس کے ساتھ روز مرہ کے کاموں میں توازن برقرار رکھنے کےقابل ہوجائیں گے۔

مطالعاتی گوشہ بنائیں

جہاں آپ کھاتے، سوتے یا تفریح ​​کرتے ہیں، اس جگہ مطالعہ نہ کریں۔ اپنے مطالعے کے لیے ایسی جگہ بنائیں جو پُرسکون ہو، جہاں کسی قسم کی کوئی مداخلت نہ ہو، ساتھ ہی پڑھائی اور مطالعےکے لیے سارا مواد موجود ہو۔

تفریح بھی ضرور کریں

کچھ وقت لطف اندوز ہوئے بغیر آپ مؤثر انداز میں مطالعہ نہیں کرسکتے۔ آپ کو سخت محنت کے ساتھ تفریح کو متوازن رکھنا ہے۔ اگر آپ تفریح ​کے لیے وقت نہیں نکال پاتے تو اپنے پلانر میں اسے لازمی شامل کریں اور اس پر کاربند رہیں۔ لیکن اس بات کو بھی ذہن میں رکھیں کہ بہت زیادہ تفریح یا سماجی میل جو ل میں نہ کھو جائیں۔

جس وقت آپ اپنے اسائنمنٹ پر کام کررہے ہوںتو اس وقت قطعی طور پر تفریح کےبارے میں نہ سوچیں۔ ہاں! خود کو لبھانے یا ترغیب دینے کے لیے خود سے وعدہ کریں کہ اسائنمنٹ مکمل ہوتے ہی میں فلاں تفریح کروں گا، جیسے کہ فلم دیکھنا یا دوست کےساتھ چائے پینے جانا وغیرہ۔