پاکستان مائیکرو سافٹ کے سابق کنٹری ہیڈ جواد رحمان نے کہا ہے کہ مائیکرو سافٹ کو یہاں پنپنے نہیں دیا گیا۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے جواد رحمان نے کہا کہ 25 سال پہلے پاکستان میں مائیکرو سافٹ کی بنیاد رکھی۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد کے طلبا کو مائیکرو سافٹ ڈیولپمنٹ ٹیکنالوجی کی تربیت دی۔
جواد رحمان نے کہا کہ مختلف شہروں میں کمپیوٹر لیبز بنائیں، ارفع کریم کو ہم نے بل گیٹس سے ملوایا، پرویز مشرف کی ملاقات بل گیٹس سے کروائی۔
انہوں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ 25 سال بعد اب ملک چھوڑ کر جارہی ہے، مائیکرو سافٹ کا آئی ٹی انڈسٹری میں اہم کردار ہے۔
جواد رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مائیکرو سافٹ سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا، مائیکرو سافٹ کی سروسز ملک میں چلتی رہیں گی لیکن کسٹمر پر اثر پڑے گا۔