میر شکیل الرحمن کی گرفتاری آزادی صحافت پر حملہ ہے، زاہد عباس

March 15, 2020

پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے صدر سیّد زاہد عباس نے پاکستان میں آزادی صحافت پر ہونے والے حکومتی حملے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ گروپ کے سربراہ میر شکیل الرحمن کی گرفتاری انتہائی افسوسناک عمل ہے۔

پی ٹی آئی حکومت کے سیاستدان اپنی ناکام سیاسی اور اقتصادی پالیسیوں کی وجہ سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، اس کے نتیجے میں انہوں نے آزادی صحافت پر وار کیا ہے۔

پی پی پی جرمنی کے صدر نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمے بنانے، میڈیا کو اپنے زیر کنٹرول رکھنے کے لیے ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں روز کا معمول بن گیا ہے۔

زاہد عباس کے مطابق اظہار رائے پر پابندی لگانا اس حکومت کے لیے ایک مصیبت بن جائے گا۔ پاکستانی عوام کورونا وائرس، مہنگائی، عدم تحفظ کا شکار ہیں ایسے میں حکومت ایسی حرکتیں کر کے ملک کا تشخص خراب کر رہی ہے۔

پاکستان کے عوام کی آخری امید ملک کی عدالتیں ہیں جو قومی ادارے ”نیب“ کو راہ راست پر لا کر حکومت وقت کوسبق سکھا سکتی ہیں۔ ان کے بقول، "اگر عدلیہ نے اس نازک وقت میں اپنا مثبت کردار ادا نہ کیا تو ملک افراتفری کا شکار ہو جائے گا۔

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی جرمنی کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی پی ٹی آئی حکومت کے آزادی صحافت پر حملے کی پرزور مذمت کی۔