سندھ میں تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز 15دن کے لیے بند

March 17, 2020

حکومت سندھ نے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں کے او پی ڈی ڈپارٹمنٹس کو 15 دن کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اطلاق بدھ سے ہو گا۔

حکومت سندھ کے ترجمان کے مطابق تمام بڑے سرکاری اسپتال بشمول قومی ادارہ برائے امراض قلب، سول اسپتال کراچی، جناح اسپتال، قومی ادارہ برائے امراض اطفال اور دیگر تمام ڈسٹرکٹ اسپتالوں میں او پی ڈیز کل سے 15 دن کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ او پی ڈیز میں روزانہ ہزاروں مریض بہت چھوٹی سی جگہ پر جمع ہوتے ہیں جن میں زیادہ تر بیمار لوگ ہوتے ہیں، خدانخواستہ ان میں چند کورونا وائرس کے مریض شامل ہوگئے تو بیماری کا بہت زیادہ لوگوں میں منتقل ہونے کا امکان ہے۔

حکومت سندھ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے "سیکنڈ لیول آف لاک ڈاؤن" کا آغاز کردیا ہے جس کے تحت اسپتالوں کی او پی ڈیز سمیت شاپنگ مال، ریسٹورنٹس، سی ویو، تمام پارکس اور سرکاری دفاتر کو بند کر دیا ہے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام اسپتالوں کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ 24 گھنٹے کھلے رہیں گے اور ہر قسم کے مریضوں کو طبی امداد اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کے لیے دن رات کام کریں گے۔