جسٹس قاسم نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا حلف اٹھالیا

March 19, 2020

جسٹس قاسم نے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا حلف اٹھالیا

لاہور ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس محمد قاسم خان نے لاہور ہائیکورٹ کے 50 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ان سے حلف لیا۔

گورنرہاؤس لاہور کے سبزہ زار میں لاہور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس محمد قاسم خان کی تقریب حلف برداری ہوئی جہاں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے ان سے حلف لیا،اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، لاہور ہائیکورٹ کے ججز صاحبان اور اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

تقریب حلف برداری کے بعد جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پوری قوم کے سیاست سے بالاتر ہوکر اکٹھے ہونے کا وقت ہے۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس نہ رُکا تو معیشت کیلئے تباہ کن ہوگا، اس وباء کا علاج گھڑ بیٹھ کر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی کو نزلہ زکام بخار ہے تو وہ گھر بیٹھ کر چیک اَپ کرائے، ہر ممکن حد تک لوگ گھروں میں رہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے کورونا سے نمٹنے کےلیے5 ارب روپے سے فنڈ قائم کردیا ہے، سرکاری اسپتالوں میں 41 ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس قائم کیے ہیں ،عوام کے فائدے کے لیے تمام ترحفاظتی اقدامات کررہے ہیں

عثمان بزدار نے بتایا کہ کورونا سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی لگا دی ہے۔