بلاول بھٹو نے لاک ڈاؤن کو کورونا کا واحد حل قرار دیدیا

March 21, 2020

بلاول بھٹو نے لاک ڈاؤن کو کورونا کا واحد حل قرار دیدیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاک ڈاؤن کو کورونا وائرس پر قابو پانے کا واحد حل قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو مکمل لاک ڈاؤن کی جانب ہر صورت جانا ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں ہر دن اور ہر گھنٹے کی تاخیر وبائی آفت سے مقابلے کو مشکل بنارہی ہے، ہمیں پہلے دن ہی لاک ک ڈاؤن ہوجانا چاہیے تھا۔

پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ ہمیں جلد از جلد بحران میں کمی کے لئے لاک ڈاؤن کا حتمی فیصلہ لینا ہوگا، کوئی صوبہ تنِ تنہا کورونا وائرس کے بحران کا مقابلہ نہیں کرسکتا۔

ان کاکہنا تھا کہ ہمیں لاک ڈاؤن کو قابل عمل بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہئے، ہمیں لوگوں کے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے وفاقی حکومت کی پوری مدد چاہئے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ ہم جہاں اچھے کےلیے پر امید ہیں، وہیں بدترین کے لیے بھی تیار ہیں، اگر بدترین صورتحال رونما ہوئی تو ہمارا صحت کا نظام اتنی استطاعت نہیں رکھتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسرے ممالک کے تجربات سے سیکھنے کی ضرورت ہے، مسئلہ یہ نہیں ہے کہ ہم کیا کریں گے، مسئلہ یہ ہے کہ ہم کب کریں گے۔

پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جب تک حکومت لاک ڈاؤن کیلئے تیار نہیں ہوجاتی، عوام اپنے گھروں پر رہیں، شہری خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کے لئے گھروں پر رہیں۔