جاپان، میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے احتجاجی مظاہرہ

March 24, 2020


جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی رہائی کے لیے جاپان کے شہر یوکوہاما میں سیاسی، سماجی اور صحافتی تنظیموں کی جانب سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مسلم لیگ ن جاپان، پیپلز پارٹی جاپان، کشمیر یکجہتی فورم اور جاپان انٹرنیشنل پریسل کلب کے ارکان شامل تھے۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری نیب کی کارروائی نہیں بلکہ حکومت کی انتقامی کارروائی تھی، موجودہ حکومت نے اپوزیشن کی آواز کو دبانے کے لیے انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے اور جب بھی حکومت کے خلاف آواز بلند ہوتی ہے تو حکومت اپنے خفیہ اشارے کے زریعے اپنی زیلی تنظیم نیب کے لیے آواز کو دبانے کے لیے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیتی ہے۔

جنگ اور جیو گروپ کے ایڈینٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ملک نور اعوان نے کہا کہ ن لیگ دنیا بھر میں میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری کے خلاف اور ان کی رہائی کے لیے نہ صرف آواز بلند کرے گی بلکہ احتجاج بھی کرے گی اس موقع پر ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح نیب نے شکایت کے مرحلے پر میر شکیل الرحمٰن کو گرفتار کیا اس سے حکومت کا غیر قانونی اقدام واضح ہوگیا تھا کیونکہ حکومت کے اپنے ارکان نیب کا ریفرنس دائر ہونے تک گرفتار نہیں ہوئے تو میر شکیل الرحمٰن کو کیوں گرفتارکیا۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے ایڈیشنل جنرل سیکریٹری چوہدری عنصر گجر نے کہا کہ حکومت فرعون بن چکی ہے غیر قانونی گرفتاریوں سے اپوزیشن کو اور میڈیا کو دبانے کی کوشش ہورہی ہے جسے بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر معروف سماجی سخصیت شاہد عزیز منا نے کہا کہ آج پوری دنیا میں حکومت کے خلاف آواز بلند ہورہی ہے میر شکیل الرحمٰن کی غیر قانونی گرفتاری کے خلاف عالمی میڈیا اور سیاسی و سماجی تنظیمیں آواز بلند کر رہی ہیں حکومت کو چاہیے فوری طور پر میر شکیل الرحمٰن کی رہا کرے۔

کشمیر یکجہتی فورم کے صدر شاہد مجید نے بھی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستانی قوم کورونا وائرس کا شکار ہے اور حکومت میڈیا کی آواز کو دبانے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ہماری حکومت سے درخواست ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کو رہا کرکے عوام کو کورونا سے بچانے کے لیے اقدامات کرے، مظاہرے سے وحید عزیز دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔