کورونا کیخلاف حکومت کے شانہ بشانہ ہیں، پٹرول 70 روپے لیٹر سستا کیا جائے، شہباز شریف

March 25, 2020

کورونا کیخلاف حکومت کے شانہ بشانہ ہیں، پٹرول 70 روپے لیٹر سستا کیا جائے، شہباز شریف

لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کورونا وائرس کے معاملے پر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب کرنے اور قومی ٹاسک فورس تشکیل دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی تشخیص کیلئے مفت ٹیسٹ کی سہولت کی فراہمی کیلئے وسائل مہیا کئے جائیں۔ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر70روپے کمی کی جائے جس سے مہنگائی بھی کم ہوگی،لاک ڈائون کا فیصلہ بہت پہلے ہو جانا چاہیے تھا، تفتان بارڈر کے معاملے پر نااہلی سامنے آئی ہے، شرح سود میں فی الفور 3سے4فیصد کمی کی جائے اوراس سے تقریباً 80ارب روپے میسر آ سکتے ہیں جنہیں عوام پر خرچ کیا جائے، کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے تمام مشینری اور آلات بذریعہ ائیر کارگومنگوائے جائیں، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کی تنخواہوں میں دو گنا اضافہ کیا جائے، مشکل کی اس گھڑ ی میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ڈاکٹرز، نرسز او رپیرا میڈیکس کو 10ہزار حفاظتی کٹس مہیا کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پریس کانفرنس میں کیا ۔