لاک ڈاؤن سے بڑی تباہی ٹل گئی، شاہدرہ میں LPG ٹینکر پھٹ گیا، ایک شخص جاں بحق، 9 زخمی، 80 گاڑیاں، موٹرسائیکلیں، رکشے متعدد کانیں جل گئیں

March 26, 2020

شاہدرہ میں LPG ٹینکر پھٹ گیا، ایک شخص جاں بحق

لاہور (نمائندہ جنگ)لاک ڈاؤن کے باعث بڑی تباہی ٹل گئی، شاہدرہ میں LPG ٹینکر الٹنے کے بعد زور دار دھماکے کے باعث پھٹ گیا ،آتشزدگی کی وجہ سے ایک شخص جاں بحق اور 9افراد جھلس گئے، اور جائے وقوعہ پر 80سے زائد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں چنگ چی رکشےجل کر راکھ ہوگئے ۔ریسکیو کے مطابق شاہدرہ موڑ جیسے پر رونق علاقے میں ایل پی جی ٹینکر پھٹنے اور آتشزدگی سے لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے بڑی تباہی ٹل گئی ورنہ ہلاکتوں میں بہت زیادہ اضافہ ہوسکتا تھا، پولیس کے مطابق شاہدرہ موڑ پر LPG ٹینکر کا ٹائر پھٹ گیاجس کے باعث ٹینکر الٹ گیا اور پھر زور دار دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، دیکھتے ہی دیکھتے آ گ کے شعلے آسماں میں بلند ہوتے گئے آگ نے چند لمحوں میں ہی سب کچھ اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اس موقع پر موجود افراد نے بھاگ کر اپنی جانیں بچائیں اوراپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے آتشزدگی سے متعدد دکانیں بھی جل گئیں،آتشزدگی کی اطلاع پر ریسکیو اور فائربرگیڈ کی ٹیمیں بھی موقع پرپہنچ گئیں،جنہوں نے دو گھنٹے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ امدادی کارروائیوں میں ریسکیو کے56 اہلکاروں اور 15 فائر بریگیڈ نے حصہ لیا، آتشزدگی کے باعث پارکنگ سٹینڈ میں کھڑے متعدد رکشے،گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں جل گئیں،ریسکیو نے جھلسنے والے تمام افراد کو طبی امداد کےلیے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔