آزمائش کی گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عثمان بزدار

March 26, 2020

وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں اپنے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

ایک بیان میں پنجاب کے وزیرِاعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے جو ممکن ہے وہ ہم نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مشکل وقت میں عوام کو اکیلا چھوڑنے والوں میں سے نہیں ہیں، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی احکامات پر عمل درآمد کریں۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا ہے کہ آج کا آپ کا وقتی فاصلہ آپ کو ہمیشہ کے فاصلوں سے محفوظ بنائے گا۔

گزشتہ شب وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کالاشاہ کاکو میں قرنطینہ سینٹر کا دورہ کیا، کو رونا وائرس کے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اظہارِاطمینان کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ میں زیر علاج 800 میں سے 600 افراد کے ٹیسٹ کلیئر ہوچکے ہیں، جنہیں گھر بھیجا جا رہا ہے جبکہ 3500 قیدیوں کو جیلوں سے رہا کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: ملک بھر میں کورونا وائرس کے 1102 کیسز

ان کا کہنا تھا کہ لاہور کیمپ جیل میں اسپتال بنایا جار ہا ہے، ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکس کے لیے اسپیشل رسک الاؤنس کی منظوری بھی دے دی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ کورونا آرڈیننس فوری نافذ کیا جا رہا ہے، سول ایوی ایشن کے عملے کی بھی اسکریننگ کی جائے گی، وفاق کی طرح حکومتِ پنجاب بھی جلدسوشل پروٹیکشن پیکیج دے گی۔