کورونا: کھلاڑیوں نے گھر میں ہی مصروفیت ڈھونڈلی

March 26, 2020

کورونا وائرس کے سبب مُلک بھر میں زندگی جیسے ٹھہر سی گئی ہے، ایسے میں لوگ گھروں میں مختلف مشاغل اختیار کرکے اپنا وقت گزار رہے ہیں، کھلاڑیوں نے بھی خاص طور پر گھر پر ہی ٹریننگ کرنے کے علاوہ دیگر مصروفیات اختیار کی ہوئی ہیں۔

‏پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ان دنوں دیگر کھلاڑیوں کی طرح گھر پر ہی قائم جم میں فزیکل ٹریننگ میں مصروف ہیں۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ فزیکل ٹریننگ کریں پھر اس کے معجزے دیکھیں، لوگ ویڈیو شیئر کریں اور ایک دوسرے کو بتائیں کہ وہ خود کو کس طرح فٹ رکھ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: شاہد آفریدی نے راشن کی تقسیم شروع کر دی

بابر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لیے حکومت نے جو ہدایات دی ہیں اُس پر سختی سے عمل کریں۔

نوجوان بیٹسمین امام الحق بھی ان دنوں گھر پر ٹریننگ کررہے ہیں۔

فاسٹ بولر جنید خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو شیئر کی ہے مگر فزیکل ٹریننگ کی نہیں بلکہ اس ویڈیو میں وہ بچے کے بالوں میں کنگھی کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بھی گھر میں رہنے کے لیے مصروفیت ڈھونڈ نکالی ہے۔