شہباز شریف نے 10 ہزار حفاظتی کِٹس اور ماسک ڈاکٹرز کے حوالے کردیئے

March 26, 2020

شہباز شریف نے 10 ہزار حفاظتی کِٹس اور ماسک ڈاکٹرز کے حوالے کردیئے

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے 10 ہزار حفاظتی کِٹس اور 10 ہزار ماسک ڈاکٹرز کے حوالے کردیے۔

شہباز شریف کا کہناہے کہ ہم نے حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو یہ سامان فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عملے کی حفاظت کو یقینی بنانا ہم سب کا بالخصوص حکومت کا فرض ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ انسانیت کے لئے لڑنے والوں کی حفاظت کےلئے اور سامان بھی فراہم کریں گے۔

ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ آج شام مسلم لیگ ن کے مرکزی دفتر لاہور میں شہبازشریف کی جانب سے حفاظتی کِٹس گرینڈ ڈاکٹرز الائنس کے ڈاکٹرز کے حوالے کردی گئیں۔

مریم اورنگ زیب نے یہ بھی کہا کہ شہبازشریف نے منتخب نمائندوں کو فلاحی اور امدادی کام تیز کرنے اور بلدیاتی نمائندوں کو اپنے علاقوں میں کورونا سے بچاؤ کی کوششوں میں معاونت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی ہدایت پر یہ سامان ڈاکٹرز کے حوالے کیا ہے۔

شہبازشریف نےسامان سائرہ افضل، سلمان رفیق، عمران نذیر اور عطاء تارڑ کے حوالے کیا۔