لاک ڈاؤن سے کمرشل امپورٹرز درآمدی خام مال اٹھانے سے قاصر

March 27, 2020

کراچی (اے پی پی) پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین امین یوسف بالاگام والانے کہا ہے کہ کروناکی روک تھام کے لیے لاک ڈاؤن کے باعث کمرشل امپورٹرز درآمدی خام مال بندرگاہ سے اٹھانے سے قاصر ہیں جس کی وجہ سے بندرگاہ پر درآمدی مال کے ڈھیر لگ گئے ہیں جس سے نہ صرف بندرگاہ پر رش بڑھ جائے گا بلکہ صنعتوں بالخصوص ٹیکسٹائل اور فارماسیوٹیکل انڈسٹری اور سینی ٹائرز کے خام مال کی فراہمی تعطل کا شکار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بندرگاہ اور کسٹم کھلا ہے لیکن کمرشل امپورٹرز کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی سنگین صورتحال اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے مال نہیں اٹھا پارہے جس کی وجہ سے درآمدی مال پر ڈیمرج اور دیگر چارجز لاگو ہورہے ہیں اور اس کے نتیجے میں کمرشل امپورٹر زکی لاگت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہاہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کمرشل امپورٹرز ڈیمرج ، جرمانے و دیگر چارجزادا کرنے کی سکت نہیں رکھتے بلکہ اگر یہی صورتحال رہی تو کمرشل امپورٹرزکے لیے کاروبار جاری رکھنا ناممکن ہوجائے گا ۔