سامارو:کراچی سے آنے والی کوچ کو روک کر مسافروں کا طبی معائنہ

March 27, 2020

سامارو( نامہ نگار)کراچی کی مختلف فیکٹریوں،کارخانوں ودیگر جگہوں پر مزدوری کرنے والے مٹھی ،کنری ،کوٹ میرس اور میرواہ گورچانی سے تعلق رکھنے والے مزدوروں سے بھری مسافر بس کو سامارو میں رینجرز وپولس اہلکاروں نے رو کا اور بس کوتعلقہ اسپتال لایا گیا۔ جہاں ڈاکٹر و طبی عملے نے 19مسافروں کا بلڈ پریشر وبخار چیک کیا اس موقع پر مسافروں نے بتایا کہ کراچی میں مزدوری کرنے والے کل 50 افراد مٹھی پہنچے تھے۔ بعد ازاں ڈاکٹرز کی جانب سے کلئیر قرار دینے کے بعد مسافر بس کو مسافروں سمیت آگے روانہ کردیاگیا ۔دوسری جانب صوبے بھر میں لاک ڈاون کے چار روز گزرنے کے باوجود تعلقہ اسپتال سامارو میں کورونا کے مرض کی تشخیص کی سہولت میسر نہیں ہے اور ناہی ڈاکٹرز وطبی عملے کے لئے حفاظتی لباس ودیگر سامان مہیاکیا گیا ہے جس کے باعث ڈاکٹرز وطبی عملہ بغیر حفاظی سامان کے اپنی ڈیوٹی ادا کررہے ہیں۔