حیدرآباد، بارش ہوتے ہی بجلی بند، جگہ جگہ جمع کچرے سے تعفن اٹھنے لگا

March 27, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیدرآباد و گردونواح میں ہلکی بارش کے بعد مختلف علاقوں میں جمع کچرے سے تعفن اٹھنے لگا،کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے چار روز سے لاک ڈاؤن کے باوجود بلدیہ اعلیٰ اور میونسپل کمیٹی صفائی ستھرائی کرانے سے قاصر، جبکہ بارش ہوتے ہی حیسکو نے درجنوں علاقوں کی کئی گھنٹوں تک بجلی بند کردی،گھروں تک محدود شہری بجلی کی بندش کی وجہ سے گھروں سےباہر نکل آئے۔ حیدرآباد و گردونواح میں جمعرات کو صبح سے ہلکی بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا،جبکہ آٹو بھان روڈ،ایئر پورٹ روڈ،ٹھنڈی سڑک،تلک چاڑی روڈ،پھلیلی روڈ،وادھواہ سمیت ایک درجن سے زائد اہم سڑکوں اور علاقوں میں پانی اور کیچڑ جمع اور کچرے کے ڈھیر کی وجہ سے تعفن پھیل گیا۔ بلدیاتی اداروں کی جانب سے دو ہفتے سے پاکستان میں کورونا کے کیسز ظاہر ہونے کے باوجود صفائی ستھرائی اور اسپرے نہیں کیا گیا ہے دوسری جانب بارش شروع ہوتے ہی حیسکو کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں کی بجلی بند کردی گئی جو متعدد علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے بعد بھی بحال نہیں ہوئی،بجلی کی بندش کے باعث گھروں میں موجود شہری سڑکوں پر آگئے، جس سے حکومت کے لاک ڈاؤن اور شہریوں کو گھروں تک محدود اور وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے سخت اقدامات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ حیدرآباد میں گذشتہ چار روز سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ اور بجلی کی بندش تقریباً نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھی، جس سے شہریوں نے سکون کا سانس لیا تھا۔