مغویوں کی بازیابی کیلئے جنگلات میں آپریشن، فائرنگ کا تبادلہ، متعدد ٹھکانے تباہ

March 30, 2020

سکھر (بیورو رپورٹ) مغویوں کی بازیابی کے لئے کچے کے جنگلات میں پولیس کا ڈاکوؤں کیخلاف آپریشن، ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ، پولیس نے ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کردیا۔ ایس ایس پی کشمور سید اسد رضا شاہ کے مطابق ڈاکوؤں کی جانب سے 2افراد جو کہ ٹرک ڈرائیور ہیں انہیں اغوا کرلیا گیا ہے، جن کی بازیابی کے لئے پولیس کی جانب سے کچے کے جنگلات میں آپریشن کیا جارہا ہے۔ غوثپور کے کچے کے علاقے میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے، پولیس مغویوں کی بحفاظت بازیابی یقینی بنانے کے لئے بھرپور انداز سے آپریشن کررہی ہے، ڈاکوؤں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے، ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو مسمار کردیا گیا ہے اور ڈاکوؤں کے فرار کے تمام راستے مسدود کردیے گئے ہیں، بہت جلد مغویوں کو ڈاکوؤں کے چنگل سے بحفاظت بازیاب کرالیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ آپریشن میں پولیس اہلکار جدید ہتھیاروں و آلات سے لیس ہیں اور ڈاکوؤں کے گرد گھیرا مسلسل تنگ کیا جارہا ہے، ڈاکوؤں کی نقل و حرکت پر مکمل نگاہ رکھی جارہی ہے، پولیس کی جانب سے مغویوں کی بحفاظت بازیابی تک آپریشن جاری رکھا جائیگا۔