گھروں میں محصور شہریوں کی تکالیف کا بخوبی اندازہ ہے، ڈاکٹر امجد علی

March 30, 2020

پشاور(نیوز ڈیسک)خیبرپختونخوا کے وزیر ہائوسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباء پر قابو پانے کے لئے صوبہ بھر میں عوام حکومت کے ساتھ تعاون کررہے ہیں، احتیاطی تدابیر کے تحت گھروں تک محصور ہونے سے شہریوں کو مسائل کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے، جس کے حل کیلئے وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے ریلیف پیکج کا اعلان کردیا ہے۔ حلقہ پی کے 6سوات میں کارکنوں کے ذریعے تقریبا 1300 افراد کے گھروں میں اشیائے خورد و نوش کے پیکجز تقسیم کرنے کے بعد صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بحیثیت ایک عوامی نمائندہ انہیں شہریوں کی تکالیف کا بخوبی اندازہ ہے اور لوگوں میں امدادی اشیاء تقسیم کرنے کا مقصد ان کی مشکلات میں کمی لانے کے لئے اپنا حصہ ڈالنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ وباء پر قابو پانے کے لئے حکومت کے ساتھ معاشرے کے صاحب ثروت افراد کو بھی آگے بڑھنا چاہئے اور معاشرے کے کمزور طبقے کے ساتھ مدد کرنی چاہئے۔