کراچی، شاہ لطیف میں آپسی جھگڑے میں 17 افراد زخمی

March 30, 2020

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن کی حدود میں آپس کے جھگڑے میں ڈنڈے اور کلہاڑی کے وار سے 17 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ سچل میں پولیس نے 3 رکنی ڈکیت گروہ رنگے ہاتھ گرفتار کرلیا

شاہ لطیف کے علاقے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر کے قریب جھگڑے میں 17 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق جھگڑے میں کلہاڑی ، ڈنڈوں ، گھونسوں اور لاتوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا زخمی ہونے والوں میں ایمان اللہ ، مور قادر، مختار، پرویز، دلبر، جانی حیدر اور حمید اللہ سمیت دیگر شامل ہیں جبکہ علاقہ پولیس واقعےسے لاعلم ہی رہی۔

دوسری جانب سچل میں پولیس نے 3 رکنی ڈکیت گروہ رنگے ہاتھ گرفتار کرلیا، ملزمان شہری سے نقدی اور موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے ۔

اس موقع پر شہری کی بروقت اطلاع پر پولیس نے ملزمان کو گرفتار کیا، ملزمان کے قبضے سے مسروقہ سامان 2 پستول اور موٹر سائیکلیں برآمد کرلی گئیں ، ملزمان کے خلاف مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔