تبلیغی جماعت کے112 افراد قرنطینہ سینٹر منتقل کردیئے، صوبائی وزیر

March 30, 2020

صوبائی وزیر بہبود آبادی پنجاب ہاشم ڈوگر کاکہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مختلف مساجد میں تبلیغی فرائض سر انجام دینے والے تبلیغی جماعت کے 112 افراد کو قصور میں قرنطینہ سینٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

ہاشم ڈوگر کے مطابق ان افراد کی اسکریننگ اور قرنطینہ منتقلی کے وقت ٹیسٹس بالکل کلیئر ہیں اور ان 112 افراد میں سے کسی کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت نہیں ہے۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ قرنطینہ سینٹر میں ان افراد کی منتقلی کا مقصد صرف ان افراد کا تحفظ ہے۔

ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے کہ قرنطینہ سینٹر میں تمام ضروری سہولیات نہ ہونےکی خبر میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

دوسری جانب ملتان میں ترجمان ضلعی انتظامیہ نے بتایا کہ تبلیغی جماعت کے ملتان مرکز کو قرنطینہ میں تبدیل کردیا گیا ہے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری مرکز پر تعینات ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ ملتان کے مطابق مرکز میں موجود 397 افراد کی اسکریننگ کی جاری ہے۔