امریکا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چین سے دُگنی ہو گئی

March 31, 2020


امریکا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد چین سے دُگنی ہو گئی، ایک ہی روز میں 20 ہزار مریضوں کا اضافہ ہو گیا جس کے بعد تعداد ایک لاکھ 64 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں 565 اموات کے بعد تعداد چین میں اموات کے قریب پہنچ گئی۔

ادھر اسپین اور اٹلی میں لاک ڈاؤن کی مدت بڑھا دی گئی۔ فرانس میں 3 ہزار سے بھی زیادہ اموات ہو چکی ہیں جبکہ برطانیہ میں 180 افراد جان کی بازی ہار گئے، یورپ کے چھوٹے ملکوں میں بھی غیرمعمولی اموات کا سلسلہ جاری ہے۔

ایران میں 117 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ سعودی عرب میں مریضوں کی تعداد ڈیڑھ ہزار کے قریب ہو گئی، مکہ مکرمہ کے 6 علاقوں میں غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کردیا گیا ہے۔

دنیا کے 200 ممالک میں کورونا سے ہلاک افراد کی تعداد اڑتیس ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 84 ہزار سے بھی زائد ہے، تاہم ایک لاکھ 65 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔