کورونا NHS:کی ورجن اور ایزی جیٹ سٹاف کو فیلڈ ہسپتال میں کام کی پیشکش

April 01, 2020

لندن (پی اے) ایزی جیٹ اور ورجن ایئرلائنز کے ہزاروں سٹاف ارکان کو ایسٹ لندن میں نئے این ایچ ایس ہسپتال میں کام کی پیشکش کی گئی ہے۔ این ایچ ایس نے کہا ہے کہ جو لوگ پیشکش قبول کریں گے انہیں کورونا وائرس نائٹ اینجل فیلڈ ہاسپیٹل میں نرسز اور معالجین کی معاونت کرنی ہوگی۔ ورجن اٹلانٹک نے کہا ہے کہ اس کے طویل رخصت پر جانے والے سٹاف کو حکومت کی جانب سے ملازمتوں پر برقرار رکھنے کی سکیم کے تحت ادائیگیاں کی جائیں گی۔ این ایچ ایس انگلینڈ کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز کا بیشتر سٹاف فرسٹ ایڈ کا تربیت یافتہ ہے اور انہیں پہلے ہی سیکورٹی کلیئرنس حاصل ہے۔ این ایچ ایس نے بتایا کہ ان ورکرز کو بستروں کی تبدیلی، غیر طبی کام اور ڈاکٹروں اور نرسوں کی معاونت کرنی ہوگی۔ دو عارضی ہسپتال مانچسٹر اور برمنگھم میں تعمیر ہو رہے ہیں جبکہ این ایچ ایس کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں دیگر سائٹس زیر غور ہیں۔ ایسٹ لندن میں ہسپتال کے علاوہ ورجن اٹلانٹک اور ایزی جیٹ سٹاف کوبرمنگھم کے این ای سی اور مانچسٹر سینٹرل کانفرنس سینٹر پر رضاکار کی حیثیت سے بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ورجن اٹلانٹک نے بتایا ہے کہ اس نے اپنے 4000 سٹاف ارکان جبکہ ایزی جیٹ نے 9000 سٹاف کو خط لکھ دیا ہے جو کہ فرسٹ ایڈ کی فراہمی کیلئے تربیت یافتہ ہیں۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر عائد کی جانے والی سفری پابندیوں کے باعث بیشتر ایئرلائنز اپنی فلائٹس میں کمی اور سٹاف کو عارضی طور پر سبکدوش کرنے پر مجبور ہو گئی ہیں۔ ورجن اٹلانٹک نے اپنی 80 فیصد پروازیں منسوخ کر دی ہیں اور اپنے سٹاف سے کہا ہے کہ وہ بلا تنخواہ 8 ہفتوں کی رخصت پر چلے جائیں۔ رضاکارانہ سکیم اس وقت سامنے آئی جب ایزی جیٹ نے اعلان کیا کہ کورونا وائرس کے باعث درپیش صورت حال کی روشنی میں وہ اپنا طیاروں کا پورا فلیٹ گرائونڈ کر رہی ہے۔ ایزی جیٹ کی ٹینا ملٹن کا کہنا ہے کہ کریو سٹاف ایک واضح تبدیلی لانے کی اہلیت رکھتا ہے۔ واضح رہے کہ لندن میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد پورے ملک کے مقابلے میں تیزی کے ساتھ بڑھی ہے اور وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی ایک تہائی تعداد کا تعلق لندن سے تھا۔