کورونا وائرس سے تجارت سمیت درآمدات و برآمدات شدید متاثر

April 01, 2020

اسلام آباد ( مہتاب حیدر )ہلاکت خیز کورونا وائرس کی وجہ سے تجارت ، درآمدات اور برآمدات شدید متاثر ہیں۔جس کے نتیجے میں پاکستان کی اقتصادیات میں جی ڈی پی کے 4.64 فیصد تک نقصان کا خدشہ ہے۔پلاننگ کمیشن نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آفڈیولپمنٹ اکنامکس (پی آئی ڈی ای ) ممکنہ نقصان کا تخمینہ لگانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔پی آئی ڈی ای نے تین مختلف منظر نامے ترتیب دئے ہیں ۔پہلے منظر نامے کے تحت درآمدات میں دو فیصد کمی کے نتیجے میں جی ڈی پی کی شرح نمو پر اس کا اثر منفی 0.30 فیصد ہوگا۔جبکہ دوسرے منظر نامے کے تحت درآمدات اور برآمدات میں دس فیصد کمی واقع ہوتی ہے تو شرح نمو میں اس کا منفی اثر منفی 2.3 فیصد اور تیسری صورت میں درآمادات برآمدات میں 20 فیصد تک کمی ہوئی تو شرح نمو منفی 4.64 فیصد ہوسکتا ہے۔وائس چانسلر اور معروف ماہر اقتصادیا ڈاکٹر ندیم الحق کی زیر نگرانی پی آئی ڈی ای کے مطابق پہلے منظر نامے میں جی ڈی پی کا مجموعی نقصان معمولی ہو گا دوسرے منظر نامے کی صورت سرمایہ کاری متاثر ہو گی اور برآمدات میں کمی واقع ہوگی۔جبکہ تیسرے منظ ر نامے کی صورت اقتصادیات پر شدید منفی اثرات مرتب ہوں گے۔واضح رہے کہ مذکورہ مرتب ہو نے والے اثرات مکمل طور پرعالمی مارکیٹ کے ساتھ مربوط ہو نے کی وجہ تجارتی و کاروباری عمل متاثر ہو نے کے اثرات سے مرتب ہوں گے۔پاکستان میں لاک ڈائون کی وجہ سے اقتصادیات کے مختلف شعبے متاثر ہیں۔