امریکا: کورونا سے ایک اور پاکستانی کا انتقال

April 01, 2020


امریکا کی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس سے ایک اور پاکستانی شخص کا انتقال ہوگیا ہے، پاکستان سے تعلق رکھنے والے 1 ڈاکٹر اور 1 بلڈر بھی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

انتقال کرنے والے پاکستانی سید عطاء الرحمٰن کورونا وائرس سے بیمار ہوئے تھے، جن کا تعلق کراچی سے ہے، ان سے قبل کورونا وائرس سے جنگ لڑتے ہوئے پاکستانی امریکن روحیل خان بھی نیویارک میں انتقال کر چکے ہیں۔

ریاستِ ٹیکساس میں ایک پاکستانی ڈاکٹر اور تعمیراتی شعبے سے تعلق رکھنے والا ایک شخص بھی کورونا وائرس سے بیمار ہیں، ڈاکٹر اور بلڈر کا تعلق بھی کراچی سے ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا وائرس گزشتہ روز 748 افراد کی زندگی کو نگل گیا تھا۔

اس نادیدہ وائرس سے امریکا میں سال رواں میں 20 جنوری کو پہلا کیس سامنے آیا تھا۔

امریکا اب پونے 2 لاکھ سے زائد کورونا وائرس کے مریضوں کے ساتھ دنیا بھر میں سب سے آگے ہے اور اس وائرس کے مریضوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، اب تک یہاں اس وائرس کے 188578 کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے ہلاکتیں 4054 ہو چکی ہیں۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ کورونا کی وبا کے سبب اگلے 2 ہفتے انتہا سے زیادہ درد ناک ہوں گے۔

وائٹ ہاؤس میں بریفنگ میں ٹرمپ نے کہا کہ نظر نہ آنے والے دشمن کی وجہ سے امریکا میں اس طرح کی اموات ناقابلِ یقین ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے کورونا سے ڈھائی لاکھ تک اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے، جبکہ صدر ٹرمپ کے مشیر ڈاکٹر فاؤچی نے تصدیق کی ہے کہ ملک کو کم سےکم ایک لاکھ اموات کے لیے تیار رہنا چاہیے۔

نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو کے ٹی وی میزبان بھائی کرس کومو بھی اس وائرس کے بیماروں میں شامل ہیں۔

مریضوں کی بڑھتی تعداد کے سبب نیویارک کا سینٹرل پارک اسپتال میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا۔