ڈی آئی خان قرنطینہ مرکز میں121 لوگ صحتیاب ہوگئے، اجمل وزیر

April 01, 2020

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صوبائی مشینری مکمل متحرک ہے۔

پشاور میں پریس بریفنگ کے دوران مشیر اطلاعات اجمل وزیر نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے قرنطینہ مرکز میں 121 لوگ صحت یاب ہوگئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈپٹی کمشنرز کو صحت مند افراد کو ریسکیو کرنے کا کہہ دیا ہے وہ کل اپنے گھروں کو واپس چلے جائیں گے۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صوبائی مشینری متحرک ہے، کل سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صوبہ کے مختلف اضلاع کے دورے شروع کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ گندم اور آٹے کی سپلائی بلا تعطل جاری ہے، صوبہ میں تمام اشیاء خور و نوش وافر مقدار میں دستیاب ہیں۔

اجمل وزیر نے یہ بھی کہا کہ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی پر نظر رکھے ہوئے ہیں، صوبے میں عوام اپنی بساط کے مطابق تعاون کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں کل سے پیکیج کے لیے اعلان کریں گی۔