راشن کے علاوہ بڑے پیمانے پر طبی معاونت کی ضرورت ہے،میئر کراچی

April 03, 2020

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ راشن کے علاوہ بڑے پیمانے پر طبی معاونت کی ضرورت ہے جو لوگ وینٹی لیٹر، طبی و سرجیکل آلات اور دیگر سامان خرید کر دے سکتے ہیں وہ اس سلسلے میں بھی مدد کریں کے ایم سی یوسی سطح پر ڈیٹا جمع کررہی ہے اور اسی بنیاد پر ان گھروں تک راشن پہنچانے میں مدد فراہم کرے گی جہاں اب تک راشن نہیں پہنچا ہےموجودہ صورتحال میں تمام سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں، مختلف فلاحی اور سماجی ادارے سڑکوں پر گاڑی کھڑی کرکے راشن تقسیم نہ کریں بلکہ اسے منظم طریقے سے تقسیم کیا جائے تاکہ مستحق اور غریب افراد تک یہ چیزیں پہنچ سکیں، یہ بات انہوں نے منگل کے روز آل سٹی تاجر اتحاد کے زیر اہتمام شہریوں کو گھر گھر راشن پہنچانے کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے اجلاس سے خطاب میں کہی، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، آل سٹی تاجر اتحاد کے سرپرست خواجہ جمال سیٹھی، چیئرمین حکیم شاہ، گرین ٹمبر مارکیٹ کے طاہر سربازی، حیدری مارکیٹ کے صدر فراز احمد، لی مارکیٹ تاجر اتحاد کے شعیب بلوچ، صرافہ بازار کھارا در کے صدر محمد شاکر فینسی، کراچی یوتھ ایسوسی ایشن کے فاروق قائم خانی، سماجی کارکن شہریار اور دیگر تاجر اور مارکیٹوں کے عہدیداران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ جب بھی پاکستان پر مشکل وقت آیا بزنس کمیونٹی نے ہمیشہ آگے آکر مدد کی ہے، حکومت سارے کام نہیں کرسکتی، اس لئے سرمایہ داروں، تاجروں اور صنعت کاروں کو دل کھول کر شہریوں کی مدد کرنی چاہئے تاکہ اس عالمی وباء سے نمٹنے میں کامیاب ہوسکیں، میئر کراچی نے کہا کہ راشن فراہم کرتے وقت شناختی کارڈ کا نمبر اور تاریخ نوٹ کی جائے اور تمام این جی اوز اور ادارے اس لسٹ کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ شیئر کریں ۔