ورلڈکپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف سنچری یادگار اننگز ہے، با بر

April 03, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کورونا لاک ڈاون میں ایک جانب کرکٹرز ایک دوسرے کو پش اپس کا چیلنج دے رہے ہیں دوسری جانب سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں میں نوک جھونک اور پرانی یادوں کو دہرانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ جمعرات کو اظہر علی اور بابر اعظم سوشل میڈیا پر اپنے پرستاروں کے سامنے پرانی یادوں کو شیئر کرتے رہے اس موقع پر بابر اعظم نے ایجبسٹن بر منگھم میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری کو خصوصی تذکرہ کیا۔ بابراعظم نے ورلڈکپ 2019 میں نیوزی لینڈ کیخلاف ناقابل شکست سنچری کو کیریئر کی بہترین اور یادگار اننگز قرار دیا، انہوں نے کہا کہ گیند بہت زیادہ اسپن ہو رہی تھی، حفیظ بھائی نے کہا کہ ٹیسٹ میچ کی طرح کھیلو، یہی کوشش کی اور کامیاب رہا۔ پاکستانی ٹی 20 کپتان نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے کا یہ مطلب نہیں کہ ٹیمیں تبدیل کرتے رہیں، پاکستان سپر لیگ میں شروع سے کراچی کنگز کی جانب سے کھیلتا رہا ہوں، اسی کے ساتھ وابستہ رہوں گا۔