عوام گھروں میں نماز ادا کر یں، ڈاکٹر قبلہ ایاز

April 03, 2020

عوام گھروں میں نماز ادا کر یں، ڈاکٹر قبلہ ایاز

اسلام آباد (ایجنسیاں)اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ مساجد کو کمیونٹی سینٹر کا درجہ دیا جائے اور مساجد کے آئمہ کو اس کار خیر میں شریک کیا جائے‘ آئمہ مساجد کی گرفتاری کے بجائے ان کا تعاون حاصل کرنا چاہیے۔

عوام گھروں میں نماز ادا کر یں ، مساجد کی تالا بندی اور بندش کا تصور نہیں جانا چاہیے ، کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کیلئے لفظ شہید یا جاں بحق استعمال ہونا چاہیے۔

کورونا سے انتقال کرنے والوں کی نماز جنازہ میں قریبی رشتہ داروں کو شرکت کی اجازت دینی چاہیے‘ میت کو ممکنہ طریقے سے احتیاطی تدابیرکیساتھ غسل دینے کا اہتمام کیاجائے۔

نمازیوں کی تعداد سے متعلق حکومتی اقدامات کی تعمیل ہونی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ذرائع کے مطابق بعض علماءکرام نے اسلامی نظریاتی کونسل کی چندسفارشات سے اختلاف بھی کیاہے ۔تفصیلات کے مطابق ڈاکٹرقبلہ ایاز نے کہا کہ کونسل کے 219ویں ہنگامی اجلاس میں اسلامی نظریاتی کونسل نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے پیدا شدہ صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کیا اور عوام اور حکومت کیلئے مندرجہ ذیل نکات پیش کیے۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعی عبادات کے بارے میں حکومتِ وقت جو اقدامات کر رہی ہے، کونسل اس کی تائید کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کونسل عوام سے توقع رکھتی ہے کہ وہ حکومتی اداروں اور صحت کے ماہرین کی ہدایات اور علماءکرام کے 25 مارچ کے اعلامیے کی روشنی میں نمازیں گھروں پر اداکریں گے تاکہ میل جول میں فاصلوں کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کا کسی مسلک یا فرقے سے کوئی تعلق نہیں، عمرہ کے مسافر ہوں، مقدس مقامات کے زائرین ہوں یا تبلیغی جماعت کے کارکن، ان کا کوئی تعلق اس بیماری کے پھیلاؤ کے ساتھ نہیں ، اس ضمن میں جو انتظامی یا انفرادی سطح پر کوتاہی ہوئی ہے، اس کے تدارک کے لیے قانون اور عقلِ عامہ کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔

چیئرمین نظریاتی کونسل نے کہا کہ کورونا وائرس کو ختم کرنے کے لیے ماہرین صحت، طبیب اور بین الاقوامی ادارے تحقیق اور ادویات کے لیے کوشش کر رہے ہیں، کونسل اس کی تائید کرتی ہے اور اسے انسانیت کی بڑی خدمت قرار دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر اقلیتی برادری کو بطور خاص یاد رکھا جائے اور صاحبِ استطاعت افراد عمرہ و زیارات یا دیگر مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے مختص رقم کو کورونا وائرس سے معاشی دباؤ کے شکار افراد کے لیے عطیہ کریں۔