مارچ میں برآمدات میں 15.56 اور درآمدات میں 21.17 فیصد کمی، ادارہ شماریات

April 03, 2020

ادارہ شماریات پاکستان کے مطابق رواں مالی سال فروری کے مقابلے میں مارچ کے دوران برآمدات میں 15.56 فیصد کمی ہوئی، جبکہ فروری کے مقابلے میں مارچ میں درآمدات میں 21.17 فیصد کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات پاکستان نے مزید بتایا کہ فروری کے مقابلے میں مارچ کے دوران تجارتی خسارے میں 27 فیصد کمی ہوئی، رواں مالی سال کے 9 ماہ کے دوران برآمدات میں 2.23 فیصد اضافہ ہوا، رواں مالی سال کے 9 ماہ کے دوران درآمدات میں 14.42 فیصد کمی ہوئی۔

رواں مالی سال کے 9 ماہ میں تجارتی خسارے میں 26.45 فیصد کمی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق تجارتی خسارہ 17 ارب 36 کروڑ 30 لاکھ ڈالر رہا، گذشتہ سال اسی عرصے میں تجارتی خسارہ 23 ارب 60 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز تھا۔

نو ماہ کے دوران برآمدات 17 ارب 45 کروڑ 10 لاکھ ڈالر رہیں، 9 ماہ کے دوران درآمدات 34 ارب 81 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ سال اسی عرصے میں درآمدات کا حجم 40 ارب 67 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھا۔