اسکاٹ لینڈ میں کرونا وائرس سے مزید 46افراد جان سے گئے

April 04, 2020

گلاسگو (نمائندہ جنگ)ا سکاٹ لینڈ میں کرونا وائرس سے نہ صرف اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہاہے بلکہ نئے مریضوں کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ میں مزید 46افراد کرونا کے ہاتھوں جان کی بازی ہار گئے، جس سے ہلاک شدگان کی تعداد 172ہوگئی ہے۔ا سکاٹ لینڈ میں کرونا کا پہلا مریض یکم مارچ جبکہ پہلی موت 13مارچ کو ہوئی تھی۔ گزشتہ روز کرونا کے تقریباً 4سو نئے کیسسز سامنے آنے کے بعد تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 3ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ کی حکومت کی سربراہ نکولا سٹرجن نے کہا کہ ابھی وہ یہ نہیں بتا سکتی کہ یہ وبا کب رکے گی لیکن آئندہ چند ہفتوں میں وہ اس بارے میں بہتر طور پر بتاسکیں گی۔ اسکاٹ لینڈ کی چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کتھرائن کالڈروڈ نے کہا ہے کہ فی الحال صورتحال مزید خراب ہور ہی ہے، ہر روز پہلے سے زیادہ اموات اور نئے مریض سامنے آرہے ہیں، معمول کی محفوظ صورتحال کو ابھی کئی ماہ لگ سکتے ہیں۔