اس سال کراچی سمیت ملک بھر میں کوئی رمضان ٹورنامنٹ نہیں ہوگا، پی سی بی

April 05, 2020

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ تصدیق کی ہے کہ اس سال کراچی سمیت ملک میں کوئی رمضان ٹورنامنٹ نہیں ہوگا۔پی سی بی رمضان کرکٹ کے لیے این او سی جاری نہیں کرے گا۔جنگ گذشتہ دو دن سے اس بارے میں خبر دے رہا تھا کہ پہلی بار رمضان ٹورنامنٹ نہ کرانے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔اس دوران پی سی بی ملک میں بدلتی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے اور جب مناسب ہوگاتو اپنی پالیسی میں ترمیم کرے گا۔ہفتے کوپاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وباء کے پیش نظر ماہ مقدس، رمضان، میں کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی کے لیے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا۔چند منتظمین نے ہم سے رمضان کرکٹ کے لیے این او سی کے حصول کی غرض سے وضاحت طلب کرنے کے لیے رابطہ کیا تھا۔ اس وقت مناسب یہی ہے کہ ہم اس سلسلے میں اپنی واضح اور جامع پالیسی پر عمل کریں، جس کے مطابق پی سی بی نے فی الوقت تمام تر کرکٹ سرگرمیوں کو معطل کر رکھا ہے۔ لہٰذا جب تک حالات معمول پر نہیں آتے پی سی بی رمضان کرکٹ کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کرے گا۔پی سی بی ترجمان کے مطابق یہ ایک مشکل صورتحال ہے جہاں دنیا بھر میں معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں اور اس وقت تمام تر توجہ صرف لوگوں کی صحت اور حفاظت پر مرکوز ہے۔ پی سی بی منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست کرتا ہے کہ وہ تمام تر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کرتے ہوئے گھروں میں رہیں اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی اجتماعی سرگرمی سے دور رہیں۔