پابندیوں کی خلاف ورزی پر جڑواں شہروں سے مزید 47 افراد گرفتار

April 05, 2020

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) کوروناوائرس کے حوالے سے نافذکی گئی دفعہ144کی خلاف ورزی پر جڑواں شہروں سے مزید47افرادکو گرفتار کرلیاگیا۔ پابندی کے باوجود کیمیکل دھاتی ڈوریں ، کرکٹ کھیلنے، ماسک بیچنے ، سماجی میل جول میں فاصلہ نہ رکھنے کے الزام میں اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں آٹھ مقدمات درج کر لئے گئے، پابندی کے باوجود پتنگیں فروخت کرنے والے کاشف نامی شخص کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا، پابندی کے باوجود گاڑی میں سوار ہو کر سماجی میل جول میں فاصلہ نہ رکھنے کے الزام میں گولڑہ پولیس نے فرہاد علی سمیت 8افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کرلیا، تھانہ گولڑہ پولیس نے حامد اشفاق کو ماسک رکھ کر لوگوں کو اکٹھا کر کے فروخت کرنے کے الزام میں گرفتار کیا ۔ترنول پولیس کے اے ایس آئی اسحاق کے مطابق عبد الناصر اور اس کے ساتھی نے پابندی کے باوجود پتنگیں، دھاتی ڈوریں و دیگر سامان فروخت کر کے دفعہ 144کی خلاف ورزی کی۔ تھانہ شالیمار میں درج مقدمہ کے مطابقپابندی کے باوجود آصف و پانچ دیگر ملزمان گرائونڈ میں کرکٹ کھیل رہے تھےاور مناسب فاصلہ بھی نہ رکھا، ڈبل سواری کے حوالے سے لگائی گئی پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر احسن وحید سیمت 9 افراد کے خلاف تھانہ سبزی منڈی میں مقدمہ درج کر کے انہیں گرفتار کیا گیا۔ راولپنڈی پولیس نے بھی حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھتے ہوئے مزید10مقدمات درج کرکے18افراد کوگرفتارکرلیا۔ راول ڈویژن پولیس نے3مقدمات درج کر کے4افراد ، صدرڈویژن پولیس نے ایک مقدمہ درج کر کے2افراد ،پوٹھوہار ڈویژن پولیس نے6مقدمات درج کرکے12افرادکوگرفتارکیا۔