اسماء عباس کی گانا گاتے ہوئے گھرسے باہرنہ نکلنے کی ہدایت

April 08, 2020

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ اسماء عباس نے اپنے فالوورزکو ایک گانا گاتے ہوئے گھرسے باہرنہ نکلنے کی ہدایت کی ہے۔کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے تحت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دینے والی اسماء عباس نے معروف بھارتی گانے " کچھ نہ کہو، کچھ بھی نہ کہو" کی طرز پراپنے بول گنگناتے ہوئے پیغام دیا کہ یہ وقت بھی گزر ہی جائے گا جس کے بعد زندگی پھر سے ہنسے مسکرائے گی۔گانا "کچھ نہ کہو" بھارتی گلوکار کمار سانو نے سال 1994 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم " 942 آ لواسٹوری" کیلئے گایا تھا جس کے ڈائریکٹڑ روہن سپی تھے۔اسماء عباس ، بشری انصاری کی بڑی بہن ہیں، دونوں بہنیں اداکاری کے علاوہ گلوکاری اور پیروڈی میں بھی نام کما چکی ہیں تو ان کی بڑی بہن نیلم احمد بشیر بھی کسی سے کم نہیں جو ایک مقبول شاعرہ اور افسانہ نگار ہیں۔اس سے قبل اسماء اور بشریٰ پاکستان اور بھارت کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کے تناظر میں گانا گاچکی ہیں جسے ان کی بہن نیلم بشیر نے لکھا تھا۔ گانے کو پروڈیوس بشریٰ انصاری نے کیا ہے جبکہ ہدایت کار اقبال حسین تھے۔ہمسائے ماں جائے نامی اس گیت میں بشریٰ انصاری نے بھارت اور اسماء نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ گانے میں دونوں ممالک کے عام مسائل کواجاگر کرتے ہوئے ایٹمی طاقت ہونابھول کرپیار محبت اور امن کے پرچار کا پیغام دیا گیا۔