بولان میڈیکل ٹیچرزایسوسی ایشن کا ہسپتالوں میں سروسزمعطلی سے لاتعلقی

April 08, 2020

کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز کے اساتذہ نے ہسپتالوں میں سروسز کی معطلی سے لا تعلقی کا اعلان کر دیا۔بولان میڈیکل ٹیچرز ایسو سی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر خلیل نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکس پر پولیس کی جانب سے تشدد ناقابل برداشت اقدام ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، حکومت سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ڈاکٹروں کو تمام حفاظتی کٹس فراہم کرے، انہوں نے کہا کہ ہم ایسی صورتحال میں تمام سروسز کی معطلی کو اچھااقدام نہیں سمجھتے کیونکہ یہ وقت بائیکاٹ کا نہیں بلکہ خدمات کا ہے، ہسپتالوں میں سروسز فراہم نہ کرنے کے فیصلے سے لاتعلقی کا فیصلہ ہم نے اجلاس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایسی صورتحال میں تمام سروسز کا معطل ہونا اچھاعمل نہیں، کوروناوائرس کے حوالے سے حکومتی اقدامات کسی صورت قابل اطمینان نہیں حکومت اپنے فیصلوں پر نظرثانی کرکے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے، حکومت تمام ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی کٹس فراہم کرے۔