ڈبل سواری پر گرفتار شخص دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا

April 11, 2020

گوجرانوالہ کے تھانہ ماڈل ٹاؤن میں ڈبل سواری پر گرفتار ملزم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گزشتہ روز گوجرانوالہ میں ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے کے جرم میں گرفتار ہونے والا ملزم گوجرانوالہ کے تھانہ ماڈل ٹاؤن میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم نے گزشتہ روز ڈبل سواری کی خلاف ورزی کی تھی جس کی وجہ سے ملزم کو گرفتار کیا گیا تھا اور ملزم کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کا مقدمہ بھی درج ہے۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لگائے جانے والے لاک ڈاؤن کے بعد سے پورے ملک میں ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے اور ڈبل سواری کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کاروائی بھی کی جارہی ہے۔