عاقب جاوید خالی اسٹیڈیمز میں کرکٹ میچز کے مخالف

April 18, 2020

عاقب جاوید خالی اسٹیڈیمز میں کرکٹ میچز کے مخالف

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق ٹیسٹ کرکٹر، فاسٹ بولرعاقب جاوید نے بند اسٹیڈیمز میں بغیر تماشائیوں کے کرکٹ میچز کرانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت کھیل کے بارے میں نہیں سوچنا چاہیے۔ جیو کے مطابق پاکستان سر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ اس وقت ہمیں کرکٹ کو بھول کر انسانیت کے بارے میں سوچنا ہے کہ انسانیت کو کیسے بچانا ہے۔ کھیل انٹر ٹینمنٹ ہیں، اگر تماشائی نہیں ہوں گے تو انٹر ٹینمنٹ کس کے لیے ہو گی، کیا بند اسٹیڈیمز کے باوجود تمام احتیاطی تدابیر پوری ہو سکتی ہیں۔ میرا نہیں خیال ایسا ممکن ہے، گیند ایک سے دوسرے کھلاڑی کے ہاتھ میں جائے گی، درجنو ں براڈ کاسٹرز ہوں گے اور ڈریسنگ رومز میں رش ہو گا، ہوائی سفر اور بسوں میں آنا جانا بھی ہو گا، اس صورتحال میں کیسے بچنا ممکن ہے ۔مجھے اکتوبر نومبر میں آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا کیونکہ پوری دنیا سے ایک جگہ ٹیموں کو اکٹھا کرنا خطرے سے خالی نہیں ہو گا ۔کرکٹرز کی فٹنس پر سابق کرکٹر نے کہا کہ فٹنس ٹیسٹ کسی کو سزا دینے کے لیے نہیں، یہ ہر کسی کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور ہمیں اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہے، ہمارا فٹنس لیول وہ نہیں ہے جو دنیا بھر میں ہے۔ ذاتی طور پر سمجھتا ہوں کہ اسکلز فٹنس سے زیادہ اہم ہیں، اگر یویو ٹیسٹ ہی فٹنس ٹیسٹ کا نام نہیں ہے اور اگر یویو ٹیسٹ ممکن نہیں ہے تو فٹنس ٹیسٹ میں کچھ دوسری چیزیں شامل کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔