بھارتی مسلمانوں کو کورونا پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دینا غلط ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہندوستان میں تمام اقلیتیں غیرمحفوظ ہیں، پاکستان

April 30, 2020

لندن،اسلام آباد (جنگ نیوز/کے پی آئی ) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بھارتی مسلمانوں کو کورونا پھیلائو کا ذمہ دار قرار دینا غلط ہے، گمراہ کن پراپیگنڈے اور نفرت سے کورونا پھیل رہا ہے، عالمی وبا قرار دیئے جانے والے وائرس سے نمٹنے کیلئےسب کو متحد ہونا پڑے گا ۔دوسری جانب پاکستان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں غیرمحفوظ ہیں۔بھارتی وزیرداخلہ کی جانب سے مسلمانوں کو کورونا پھیلائوکاذمہ دارقراردینا افسوسناک ہے،انڈیا کے بارےمیں دنیا کی رائے تبدیل ہورہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھارتی حکومت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاو کا ذمہ دار مسلمانوں کو ٹھہرانے کا رویہ اور طریقہ کار درست نہیں ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے خبردارکیا ہے کہ گمراہ کن پراپیگنڈے اور نفرت سے کورونا وبا بڑھ رہی ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے واضح کیا ہے کہ عالمی وبا قرار دیے جانے والے کورونا وائرس سے نمٹنے اور بچنے کے لیے سب کو متحد ہونا پڑے گا۔دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے بارے میں دنیا کی رائے بدل رہی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی کمیشن برائے مذہبی آزادی کی بھارت سے متعلق رپورٹ پر ردعمل میں کہا کہ صرف مسلمانوں کیلئے بھارت کا رویہ خطرناک نہیں بلکہ آج ہندوستان کی تمام اقلیتیں غیرمحفوظ ہیں،بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ مسلمانوں کو کورونا کا ذمہ دار قرار دے رہے ہیں ،جوافسوس ناک ہے، بین الاقوامی ہیومن رائٹس تنظیمیں اورمیڈیا کی رائے تیزی سے ہندوستان کے حوالے سے بدل رہی ہے جبکہ پاکستان کی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔ شاہ محمود نے کہا کہ خلیجی ممالک میں بہت سے بھارتی شہری مقیم ہیں مگر ان پر تو زندگیاں تنگ نہیں کی گئیں، خلیجی ممالک نے ہندوستان کے رویے کے خلاف آواز بلند کی ہے، ہندوستان میں کروڑوں کی تعداد میں ایسے لوگ بھی ہیں جو مثبت سوچ کے حامی ہیں، سیکولر ہندوستان کے حامی بھارت سرکار کے رویے کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ کچھ عرصہ قبل دہلی میں مسلمانوں کا قتل عام ساری دنیا نے دیکھا، پاکستان نے او آئی سی کو خط لکھ کرعالمی سطح پرآواز اٹھانے کا کہا، ایسے 328 مختلف واقعات کا حوالہ دیا گیا جس میں جبراً تبدیلی مذہب کی کوششیں کی گئی ہیں۔انھوں نے کہاکہ بھارت میں انسانی بم قرار دیکر مسلمانوں کی کردار کشی کی جا رہی ہے، تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے، مودی کےہتک آمیز اقدامات بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں۔