اسلام آباد میں کورونا کا مریض انتقال کر گیا

May 03, 2020

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پولی کلینک اسپتال میں کورونا وائرس کا ایک مریض انتقال کر گیا۔

پولی کلینک اسپتال اسلام آباد کے آئیسولیشن وارڈ کے حکام کے مطابق آئیسولیشن وارڈ میں زیرِ علاج مریض دم توڑ گیا جس کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد 5 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی کُل تعداد 393 ہو چکی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا کے پانچویں مریض کے انتقال کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث انتقال کر جانے والوں کی تعداد 441 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 19 ہزار 103 ہو چکی ہے، کورونا وائرس کے ملک میں 13 ہزار 846 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: اسلام آباد میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت

زیرِ علاج کورونا مریضوں میں سے 111 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ4 ہزار 817 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔