شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ منظر عام پر آ گئے

May 04, 2020

کراچی (نیوز ڈیسک )شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ ان تقریبا 20 روز بعد منظر عام پر آ گئے ہیں اور اس کے بعد ان کی موت کی تمام تر افواہیں دم توڑ گئی ہیں، شمالی کوریا کے رہنما کی صحت کے حوالے سے گزشتہ چند روز سے قیاس آرائیاں جاری تھیں۔حالیہ تصاویر میں کم جونگ ان کو کھاد فیکٹری کے افتتاح کے موقع پر فیتہ کاٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ البتہ آزاد ذرائع نے شمالی کوریا کے رہنما کی ان تصاویر کی تصدیق نہیں کی۔شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ ان کو اپنے درمیان دیکھ کر عوام نے خوشی سے نعرے بھی لگائے۔جاری کی گئی تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ کم جونگ ان مسکراتے ہوئے کھاد فیکٹری کا معائنہ کر رہے ہیں۔ اُن کے ساتھ اُن کی بہن اور دیگر اعلٰی حکام بھی موجود ہیں۔شمالی کوریا کے رہنما کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیاں اس وقت عروج پر پہنچ گئی تھیں۔ جب اُنہوں نے 15 اپریل کو شمالی کوریا کے بانی اور اپنے داد کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی۔اس سے قبل کبھی بھی وہ اس تقریب میں غیر حاضر نہیں رہے تھے۔ اس تقریب کو ملک کی سب سے اہم سیاسی تقریب سمجھا جاتا ہے۔