پی سی بی نے میچ فکسنگ کیس ری اوپن کرنے کا امکان مسترد کردیا

May 04, 2020

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) میچ فکسنگ میں سزا یافتہ سابق کپتان سلیم ملک سمیت پاکستانی کرکٹرز کی جانب سے میچ فکسنگ کے بیانات پر پاکستان کرکٹ بورڈ کوئی ردعمل دینے سے گریز کررہا ہے۔ تاہم پی سی بی حکام کی اندرونی میٹنگ میں یہ معاملہ کسی نہ کسی طرح زیر بحث آیا ہے۔ پی سی بی ترجمان نے فوری طور پر میچ فکسنگ کے بیس سال پرانے کیس کو ری اوپن کرنے کے امکانات کو مسترد کردیا ہے البتہ ایک ماہ سے مخصوص حلقوں کی جانب سے چلائی جانے والی مہم کی وجہ سے اب اس بات کے امکانات روشن ہوگئے ہیں کہ پی سی بی میچ فکسنگ کے قانون کو جلد حتمی شکل دے کر کھیلوں کی وزارت کو بھجوائے گا۔ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر قانونی ماہرین کی مدد سے نئے قانون کے مسودے کی تیاری میں مصروف ہیں۔