ہیٹ ویو اور روزہ، کراچی کے شہری کیا احتیاط کریں؟

May 05, 2020

کراچی والے خبردار ہو جائیں اور تیاری کر لیں، آج سے گرمی بڑھ جائے گی، 8 مئی تک شہر ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے گا۔

طبی ماہرین نے رمضان المبارک میں ہونے والی اس شدید گرمی میں شہریوں کو خاص احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔

محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران سمندری ہوائیں بند رہیں گی، 6 اور 7 مئی کو پارہ 43 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات نے کراچی میں 5 سے 8 مئی تک گرمی کی شدید لہر کی پہلے ہی پیش گوئی کر دی تھی۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا تھا کہ کراچی 5 سے 8 مئی کے دوران ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہو گا اور اس دوران درجۂ حرارت 40 سے 43 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

ماہرینِ صحت کے مطابق شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کی علامات میں بخار، سر درد، جسم میں درد، پسینہ آنا اور طبیعت زیادہ بگڑنے پر انسان بےہوش بھی ہوسکتا ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق لوگ رمضان المبارک میں ہیٹ ویو کے دوران افطار اور سحری میں مشروبات اور پانی کا استعمال زیادہ کریں۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں 5 تا 8 مئی پھر ہیٹ ویو کا امکان

انہوں نے کہا ہے کہ اس دوران مرغن کھانوں سے گریز کریں، بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں، اگر دن میں نکلیں تو سر کو ڈھانپ لیں۔

ماہرنِ صحت کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو کے دوران ہلکے رنگ اور ڈھیلے ڈھالے لباس پہنیں، چکر آنے، کمزوری محسوس ہونے یا زیادہ پسینہ آنے کی صورت میں سایہ دار جگہ پر فوری رک جائیں۔

ماہرین صحت کے مطابق ہیٹ ویوز کے دوران بزرگ افراد، حاملہ خواتین اور بچوں کو خاص احتیاط کی ضرورت ہے۔