حلیم عادل اور ان کے بھائی سرکاری زمین پر قبضہ میں ملوث ہیں، تیمورتالپور

May 05, 2020

سندھ کے وزیر نواب تیمور تالپور نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ اور ان کے بھائی سرکاری زمین پر قبضہ میں ملوث ہیں۔ موصوف نےکراچی میں گڈاپ کے علاقے میں ڈھائی ارب روپے کی 253 ایکڑ سرکاری زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔

آمدن سے زائد اثاثے بنانے پر نیب کی تحقیقات سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف کوئی انکوائری نہیں، تاہم مخالفین اس طرح کی خبریں بنانے میں لگے رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کی انکوائری اینٹی کرپشن میں ضرور شروع ہو چکی ہے، اینٹی کرپشن ایسٹ زون 3 نے ان کے خلاف کئی شواہد جمع کر لئے ہیں۔ انہیں نوٹس بھی جاری کر دیا ہے۔

نواب تیمور تالپور نے کہا کہ ہم نہ کہتے تھے کہ چور مچائے شور، حلیم عادل شیخ اور انکے بھائی سرکاری زمین پر قبضہ میں ملوث نکلے ہیں۔ سرکاری زمین کے فارم ہاؤس بناکر کمرشل نرخوں پر فروخت میں ملوث ہیں۔ انہوں نےغیر قانونی تعمیرات کیں، پریس کانفرنسوں میں شرفاء کی پگڑیاں اچھالنے والا بھائی سمیت چور ہے، قانون حرکت میں آ چکا ہے اور اپنا راستہ خود بنائے گا، اب ان کی چیخوں کی آوازیں دور دور تک سنائی دیں گی۔