یوگا مائیگرین کی تکلیف کم کرنے کا سستا ترین علاج ہے، تحقیق

May 07, 2020

ایک حالیہ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ پابندی کے ساتھ یوگا پر مبنی ورزش کرتے ہیں انہیں ﻣﺎﺋﯿﮕﺮﯾﻦ (درد شقیقہ) کی بیماری کے دوران کم سردرد اور دیگر تکلیف بھی نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں۔

جس کی وجہ سے تحقیق کرنے والوں نے مائیگرین کے لیے علاج کے بجائے پابندی کے ساتھ یوگا کرنے کی تجویز دی ہے۔

واضح رہے کہ یوگا ایک ذہنی اور روحانی طریقہ کار ہے جس کا آغاز قدیم ہندوستان میں ہوا۔ یہ سانس لینے کی مخصوص تیکنیکس، ورزش اور مراقبہ پر مشتمل عمل ہے۔

یوگا کے حوالے سے برطانوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئی دہلی میں واقع آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے روہت بھاٹیا (جو کہ اس تحقیق کے مصنف بھی ہیں) نے کہا کہ مائیگرین سردرد کی ایک بہت ہی عام قسم ہے، اور اس تکلیف میں مبتلا صرف نصف لوگ ہی اس عارضے کا علاج کراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ یوگا کی مشقیں اور اس طریقہ علاج تک رسائی انتہائی سادہ اور آسان ہے اور اس مقصد کے لیے صرف ایک میٹ (چٹائی) کی ضرورت ہوتی ہے۔

مذکورہ تحقیق میں 18 سے 50 سال کی عمر کے 114 افراد شامل تھے، اور انھیں مائیگرین کی ایک ضمنی قسم کی تکلیف لاحق تھی، جس میں ہرماہ چار سے لیکر 14قسم کا سردرد ہوتا ہے۔

ان افراد کو دو گروپوں میں بانٹا گیا جن میں سے ایک کو صرف علاج اور ادویات پر رکھا گیا جبکہ دوسرے کو یوگا اور علاج پر رکھا گیا۔ جن افراد کو یوگا گروپ میں رکھا گیا، انھیں ایک گھنٹہ تک سانس لینے، ریلیکسیشن ورزش اور ساتھ ساتھ جسم کے مختلف انداز میں استعمال کی پریکٹس کے لیے کہا گیا۔

انہیں ہدایت کے مطابق پہلے انسٹرکٹرز کے ذریعے اور بعد میں گھروں میں دو ماہ روزانہ پانچ روز یوگا کرنے کے لیے کہا گیا۔ ان کی کونسلنگ بھی کی گئی، جس میں مائیگرین کی تکلیف سے بچنے کے لیے طرز زندگی میں تبدیلی، بھرپور نیند، کھانے پینے میں احتیاط اور پابندی سمیت ورزش بھی شامل تھی۔

ان افراد کو تمام صورتحال کو ڈائری میں ریکارڈ کرنے کو کہا گیا کہ انہیں روزانہ کتنی دیر تک سر میں درد رہا اور کب افاقہ ہوا، درد کتنا شدید تھا اور انہوں نے اس کے لیے کونسی دوا لی۔

تحقیق کاروں کے سامنے نتیجہ آیا کہ دونوں گروپ تندرست ہوگئے، لیکن جو گروپ یوگا کی مشقیں کررہا تھا اسے زیادہ فائدہ پہنچا، سردرد اور دیگر تکلیف بھی کم ہوئی۔

ڈاکٹر بھاٹیا کا کہنا ہے کہ ہمارے نتائج بتاتے ہیں کہ یوگا نہ صرف تکلیف کم کرتا ہے بلکہ مائیگرین کے علاج میں ہونے والے اخراجات کو بھی کم کرتا ہے۔