وزیراعظم کی ہدایات کے باوجود مہنگائی میں اضافہ جاری

May 08, 2020

وزیراعظم عمران خان کی مہنگائی کنٹرول کرنے کی ہدایات کے باوجود مہنگائی میں اضافہ جاری ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں اضافہ اشیاء خور ونوش کی قیمتیں بڑھنے کے باعث ہوا، ایک ہفتے کے دوران 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

حالیہ ہفتے میں مہنگائی میں صفر اعشاریہ 36 فیصد اضافہ ہواہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چکن 37 روپے فی کلو مہنگی ہوئی ہے، آلو ساڑھے 3 روپے فی کلو ، کیلے 8 روپے فی درجن مہنگے ہوئے ہیں۔

حالیہ ہفتے میں بکرے کا گوشت 9 روپے فی کلواور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 49 روپے مہنگا ہواہے۔ اس کے علاوہ دہی، تازہ دودھ ، دال مونگ اور انڈے بھی مہنگے ہوئےہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں 12 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ ٹماٹر82 پیسے فی کلو اور پیاز ساڑھے 4 روپے فی کلو سستی ہوئی ہے۔

ایک ہفتے میں دال مسور4 روپے 63 پیسے، سفید چنا سوا 2 روپے فی کلو ، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا سوا 4 روپے سستا ہواہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق لہسن کی قیمت میں ساڑھے 3 روپے فی کلو کمی ہوئی ہے جبکہ چینی اور گھی کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں 23 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔