ملیر، ایس ایچ او، 4 پولیس اہلکاروں سمیت7 ملزمان گرفتار، منشیات و رقم برآمد

May 14, 2020

ملیر، ایس ایچ او، 4 پولیس اہلکاروں سمیت7 ملزمان گرفتار،

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پولیس نے ملیرکینٹ تھانے کے ایس ایچ او اور ایس آئی او سمیت 5اہلکاروں جبکہ حساس ادارے کے2اہلکاروں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات اور رشوت میں لی گئی رقم برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ،جبکہ ایک پولیس اہلکار فرار ہوگیا ۔ ملیر کینٹ پو لیس تھانے کے سب انسپکٹر منیر احمد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پولیس نے خفیہ اطلاع پر ملیرکینٹ گیٹ نمبر2 کے قریب چھاپہ مار کر ملیر کینٹ تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر وقار احمد آرائیں ،ایس آئی او انسپکٹر زاہد حسین ،ہیڈمحرر اعجازعلی ،گڈاپ سٹی تھانے میں تعینات کانسٹیبل طارق فاروق ،درخشاں تھانے میں تعینات ماجد امیر جبکہ حساس ادارے 2 کے ملازمین خان جلیل اور اسلام نواز کو گرفتار کرکےان کے قبضے سے اعلیٰ کوالٹی کی چرس اور 2لاکھ 15ہزار روپے نقد ودیگر سامان برآمد کرلیا، جبکہ ایک ملزم ہیڈ کانسٹیبل غلام شبیر جو کہ ملیر کینٹ تھانے میں ہی تعینات ہے موقع پر سے فرار ہوگیا ،دریں اثناءپولیس نے مقدمہ نمبر 138/2020درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔ ملیر کینٹ تھانے کے سب انسپکٹر منیر احمد کے مطابق 5مئی کو کچھ ملزمان گرفتارہوئے تھے،اور ان سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی تھی،گرفتارایس ایچ او ودیگر ملزمان نے اس میں کچھ منشیات ملزمان سے برآمددگی دکھا کر اور بھاری رشوت لیکر کچھ ملزمان کو ایف آئی آر میں نامزد اور کچھ کو چھوڑ کر اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا تھا ،سب انسپکٹر منیر کے مطابق گرفتار ملزمان چھاپے کے وقت منشیات اور رشوت کی رقم آپس میں تقسیم کررہے تھے کہ پولیس نے چھاپہ مارکر ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ تمام ملزمان کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا حکم بھی د یا گیا ، دریں اثنا ایس ایس پی ملیر کی ہدایت پر ایس ایچ او ملیر کینٹ انسپکٹروقار احمد آرائیںکو فوری طور پر معطل کرکے عہدے میں تنزلی کر کے سب انسپکٹر بنادیا گیا،جبکہ انسپکٹرفیصل لطیف کو ایس ایچ او ملیر کینٹ تعینات کر دیا گیا۔