قوت مدافعت مضبوط بنانے والے 5 سُپر فوڈز

May 17, 2020

اگر ہم مضبوط قوت مدافعت کی بات کریں تو یہ ہمارے جسم کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ ہمارے جسم میں انفیکشن سے لڑنے کی صلاحیت اور بہت سی بیماریوں سے لڑنے میں مدد کرتا ہے۔

ہماری اچھی غذا اور بہتر طرزِ زندگی ہمارے مضبوط قوت مدافعت میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں لیکن اگر ہم سگریٹ نوشی اور دیگر مضر صحت عادات کو اپنی زندگی میں شامل کریں گے تو یہ ہمارے مدافعاتی نظام کو بہت نقصان پہنچائیں گے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ قوت مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے کچھ ایسی غذائیوں کا استعمال کریں جو وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈینٹ سے بھر پور ہوں اور اِسی حوالے سے ماہرین نے 5 ایسے سُپر فوڈز کا انتخاب کیا ہے جو ناصرف ہمارا مدافعاتی نظام مضبوط کریں گے بلکہ ہماری صحت بھی اچھی کریں گے۔

مدافعاتی نظام مضبوط بنانے والے سُپر فوڈز:

آملہ:

آملہ وٹامن سی حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے، ماہرین کہتے ہیں کہ آپ کو روزانہ آملہ اپنی غذا میں لازمی شامل کرنا چاہیے کیونکہ یہ ہمارا مدافعاتی نظام تو مضبوط کرتا ہی ہے لیکن اس کے علاوہ آملہ آپ کی جِلد، بالوں کی نشونما اور نظام ہاضمہ کے لیے بھی بہت مفید ہے۔

آملہ کو شوگر کے مریضوں کے لیے بہت بھی فائدہ مند سمجھا جاتا ہے اور آملہ وزن کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔

آپ آملہ کو مختلف طریقوں سے اپنی روزمرہ کی غذا میںشامل کرسکتے ہیں جیسے آملہ کا اچار، آملہ کا مربہ اور آملہ کا رس وغیرہ۔

سبز چائے:

سبز چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیت ہمارے جسم سے ٹاکسن کو نکالنے میں مدد کرتے ہیں اور اِس میں قدرتی طور پر موجود پولیفینولز اور کیٹیچن ہمارے مدافعاتی نظام کو فروغ دینے میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ روزانہ ایک یا دو کپ سبز چائے کے آپ کی قوت مدافعت کے لیے بہترین ثابت ہوسکتے ہیں۔

ہلدی:

ہلدی میں کرکومین نامی ایک مرکب ہوتا ہے جو دل کی بیماریوں، ڈپریشن اور دماغی امراض کے خطرہ کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے، اِس کے علاوہ ہلدی میں اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی سوزش کی خصوصیات بھی موجود ہوتی ہیں جو ناصرف سردی اور کھانسی جیسی بیماریوں سے لڑنے میں مدد فراہم کرتی ہیں بلکہ یہ آپ کے مدافعاتی نظام کو بھی فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوتی ہے۔

اگر آپ روزانہ رات کو ایک کپ دودھ میں ہلدی ڈال کر پی لیں تو یہ آپ کے لیے بہت مفید ہوگا۔

شہد:

شہد آئرن، میگنیشیم اور کیلشیم جیسی معدنیات سے مالا مال ہوتا ہے، شہد کی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات ہمارے گلے کی سوزش کو دور کرتی ہے اور ہماری آنتوں کو صاف اور صحت مند بناتی ہے۔

ماہرین کہتے ہیں کہ صحت مند آنتوں سے آپ کو مضبوط مدافعاتی نظام حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ادرک:

ادرک کی اینٹی بیکٹیریل خصوصیات ہمارے مدافعاتی نظام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہیں، ادرک پیٹ درد اور متلی جیسے مسائل سے نجات دلانے میں بھی مدد کرتی ہے۔ اگر ہمارا نظام ہاضمہ بہتر طریقے سے کام کرے گا تو اُسی صورت میں ہمارا قوت مدافعت بھی مضبوط ہوسکتا ہے۔