عمر اکمل نے سزا کیخلاف اپیل دائر کر دی

May 19, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹسمین عمر اکمل نے پی سی بی کی جانب سے لگائی جانے والی تین سال کی پابندی کی سزا کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کردی۔

عمر اکمل نے ڈسپلنری پینل کے خلاف اپیل دائر کی، ڈسپلنری پینل نے عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر تین سال پابندی کی سزا سنائی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پندرہ روز کے اندر آزاد ایڈجیوڈیکٹر کی تقرری کرے گا۔

یاد رہے کہ 20 فروری کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا اور اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ اس معطلی کی وجہ سے عمر اکمل پاکستان سپر لیگ 5 میں بھی حصہ نہیں لے سکے تھے۔

بعد ازاں یہ خبریں سامنے آئیں کہ عمر اکمل کو بکی نے میچ فکسنگ کی پیشکش کی تاہم وہ اس کی اطلاع بروقت پی سی بی کو دینے میں ناکام رہے۔

اس کے بعد عمر اکمل کے فون کا ڈیٹا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اینٹی کرپشن یونٹ نے اپنے پاس رکھ لیا اور عمر اکمل کو طلب کرکے ان کے دونوں فونز قبضے میں لے لیے گئے تھے۔