3 سال کے اندر یہاں پہنچنے پر خوش ہوں، نسیم شاہ

May 20, 2020

قومی کرکٹ ٹیم کے ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کاکہنا ہے کہ 3 سال کے اندر یہاں پہنچنے پر خوش ہوں، میرا خواب پورا ہوگیا، پاکستان کے لیے کھیلا اور اب سنٹرل کنٹریکٹ بھی مل گیا ہے۔

نسیم شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ کے بعد ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی ملک کیلئے کارنامے سر انجام دینے کا عزم ظاہر کیا ہے اور کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پرفارم کرچکا ہوں، اب ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی مشکل نہیں لگے گی۔

قومی ٹیم کے نوجوان پیسر نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں اسٹار کرکٹرز کو پریکٹس کرواتے ہوئے رشک کرتا تھا کہ کبھی مجھے بھی ملک کی نمائندگی کا موقع ملے گا۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ کمر کی انجری کے سبب ایک سال بہت مشکل تھا، دورہ آسٹریلیا سے واپسی پر اپنے کیریئر کے مستقبل کے حوالے سے پریشان تھا

مگر ہمت نہیں ہارا۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ فٹنس ٹیسٹ کرکٹ کیلئے درکار ہوتی ہے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی کھیلنے کا موقع دیا گیا تو بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتوحات میں اہم کردار ادا کروں گا۔