نماز جمعۃ الوداع، عید اور مزارات کھولنے کا فیصلہ

May 21, 2020

نماز جمعۃ الوداع، عید اور مزارات کھولنے کا فیصلہ

کراچی، لاہور، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) ملک میں کم و بیش دو ماہ کے لاک ڈائون کے بعد ٹرانسپورٹ مسافر ٹرینیں دوبارہ چل پڑیں، حکومت غیر ملکی پروازیں شروع کرنے پر غور کر رہی ہے۔

سندھ حکومت نے صوبے میں 20؍ ایس او پیز کے ساتھ جمعۃ الوداع، ختم القرآن کی محافل، شب قدر کے موقع پر اجتماعات اور نماز عید کی اجازت دیدی ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے محکمہ اوقاف کے زیر انتظام 544 مزارات کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 20نکاتی ایس او پیز کےتحت سندھ حکومت نے عید کی اجتماعات، ختم القرآن اور شب قدر کے موقع پر عبادات کی اجازت دینے کا اعلان کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان صوبائی وزراء ناصر شاہ، بیرسٹر مرتضی وہاب اور سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا ۔

صوبائی وزراء نے کہا کہ عید کے اجتماعات اور ختم القرآن سمیت شب قدر میں عبادات ہونگی تاہم ایس او پیز ہر عملدرآمد کرنا ہوگا اس ضمن میں تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام سے بات بھی کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج انکی پرانی خواہش ہے ساری چیزیں سندھ میں انکو نظر آتی ہیں اور کہیں نظر نہیں آتیں۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ اب درست نہیں ہوگا کہ عید اور مساجد میں نماز پر پابندی لگائی جائے بیس نکاتی ایس او پیز کےتحت عید نماز ہونگی نماز عید کیلئے کھلے میدان پارکس کی نشاندہی کی جائےگی اگر نمازیوں کی تعداد زیادہ ہوگی تو ایک ہی جگہ زائد مرتبہ عید کی نماز ہوگی۔

ادھر لاہور میں پنجاب حکومت کا صوبائی سب کابینہ برائے امن و امان کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں محکمہ اوقاف کے زیر انتظام 544 مزارت کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کا کہنا ہے کہ داتا دربار، دربار پاکپتن سمیت تمام درباروں کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی، تمام مزارات کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، ایس او پیز پر عملدآمد لازمی ہوگا۔علاوہ ازیں ملک میں کم و بیش 2 ماہ بعد مسافر ٹرینیں دوبارہ شروع کردی گئی ہیں۔

گزشتہ روز ملک بھر میں پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں سے 30 ٹرینیں چلانے کی منظوری دی گئی تھیں، جن میں سے 15 اپ اور 15 ڈاون ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ ان ٹرینوں میں سے 9 کراچی سے اپنی منزل کی جانب روانہ ہو ئی ہیں۔

مسافر ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز صبح 6 بجے راولپنڈی سے کراچی کیلئے روانہ ہونے والی پاکستان ایکسپریس سے ہوا جب کہ دوسری ٹرین لاہور سے راولپنڈی کیلئے روانہ ہوئی۔

پاکستان ریلوے کے مطابق کراچی سے راولپنڈی کیلئے پاکستان ایکسپریس دوپہر ایک بجے، سیالکوٹ کیلئے علامہ اقبال ایکسپریس دوپہر 2 بجے، لاہور کیلئے قراقرم ایکسپریس دوپہر 3 بجے، لاہور کیلئے پاک بزنس شام 4 بجے، لالہ موسی کیلئے ملت ایکسپریس شام 5 بجے، لاہور کیلئے شاہ حسین ایکسپریس شام 7 بجے، اسلام آباد کیلئے گرین لائن رات 9 بجے، جیکب آباد کیلئے سکھر ایکسپریس رات 9 بج کر 40 منٹ اور پشاور کیلئے خیبر میل رات 11 بجے روانہ ہوئی ۔

چیف کمرشل مینجر پسنجر ملک محمد فاروق کے مطابق ٹرینوں میں گنجائش سے 60 فیصد لوگ سفر کرینگے جبکہ 40 فیصد نشستیں کالی رکھی جائینگی، ٹرینوں میں بکنگ صرف اورصرف آن لائن کی جارہی ہے۔

ریلوے اسٹیشن سے 200 میٹر تک کا علاقہ غیر ضروری افراد کیلئے بند رہے گا۔ اسٹیشن کی حدود میں صرف ٹکٹ رکھنے والوں ہی کو داخلے کی اجازت ہوگی۔

مسافروں کو ماسک پہننے، سینیٹائزر، دستانے،صابن ساتھ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ،بکنگ صرف آن لائن کی جائیگی،سٹیشنز پر سینیٹائزنگ واک تھرو گیٹ نصب، ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو جرمانہ کیا جائیگا۔

ادھر وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی ) میں بدھ کو اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں جمعۃ الوداع، شب قدر، طاق راتوں، یوم القدس، عیدالفطر کی نماز کیلئے ایس او پیز، غیر ملکی پروازیں کھولنے، پی پی ایز اور طبی آلات کی موجودہ تعداد اور ترسیل کے امور پر غور کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ نے فورم کو آگاہ کیا کہ یوم علیؓ پر مختلف اضلاع میں کی جانے والی بعض خلاف ورزیوں کے بعد مختلف مکاتب فکر کے علماءکرام نے حکومت کی جانب سے پابندیوں اور ایس پی پیز پر عمل نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ایس او پیز اور گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کیلئے کسی صورت طاقت کا استعمال نہیں ہونا چاہئے کیونکہ کچھ عناصر امن و استحکام کو خراب کرنے کیلئے اس صورتحال سے فیصلہ اٹھا سکتے ہیں۔

گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت صوبوں کے چیف سیکرٹریوں نے عید کی نماز کے موقع پر اجتماعی اجتماعات کے انعقاد اور یوم القدس سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔

سیکرٹری ایوی ایشن حسن ناصر جامی نے بتایا کہ 21 مارچ سے فضائی حدود بند ہونے کی وجہ سے سول ایوی ایشن ہر ہفتے 2 ارب روپے سے زیادہ کا نقصان اٹھا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کے زیر اہتمام خصوصی پروازیں آج ملک پہنچیں گی جبکہ اندرون ملک پروازیں اور ہوائی اڈے ایس او پیز پر عمل پیرا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک آپریشن شروع کرنے سے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہو گا، اس کی مدد سے معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی کیونکہ فلائنگ کلب کا بھی نقصان ہو رہا ہے۔